مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی تقریب کے دوران خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی تقریب کے دوران خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا
مکہ مکرمہ : کعبتہ اللہ کو غسل دینے کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا اور یہ تقریب کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غسل کعبہ میں 20 لیٹر آب زمزم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا ہے اور اس موقع پر بیت اللّٰہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو بھی صاف کیا گیا ہے۔ غسل کے بعد خانہ کعبہ کو خالص عرق گلاب، عود اور بخور کی خوشبوؤں سے معطر کیا گیا ہے۔ غسل کعبہ کی تقریب کے دوران کلید بردار الشیخ ڈاکٹر صالح آل زین نے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا اور مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا۔ عرب میڈیا نے کہا ہے کہ غسل کعبہ کی تقریب میں او آئی سی سربراہ اور اعلیٰ سول حکام شریک ہوئے ، تقریب میں آئمہ کرام اور حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام بھی شریک ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس تقریب کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ خیال رہے کہ خانہ کعبہ کو ہر نئے ہجری سال کی 15 تاریخ کو غسل دیا جاتا ہے۔ غسلِ کعبہ کی یہ مقدس روایت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے سے چلی آ رہی ہے، بعض روایات کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سال میں دو بار کعبہ کو غسل دیا کرتے تھے، پہلی بار محرم الحرام میں اور دوسری بار رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ماہِ شعبان میں۔ گذشتہ چند برسوں سے خانہ کعبہ کے غسل کی یہ تقریب سال میں صرف ایک بار کی جاتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔