وزیر داخلہ کی درخواست، اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے 1 لاکھ کرنیکا فیصلہ

وزیر داخلہ کی درخواست، اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے 1 لاکھ کرنیکا فیصلہ
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی درخواست پر عراقی ہم منصب کی جانب سے اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا دورہ عراق ، وزیر داخلہ نے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشماری سے ملاقات کی۔ وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے شاندار مہمان نوازی پر اپنے عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ کی درخواست پر عراقی ہم منصب کی جانب سے اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ کی استدعا پر عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی زائرین کو گروپ ویزہ کے علاوہ پاکستان میں عراقی سفارت خانے سے انفرادی ویزہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ کے استفسار پر عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس میں کمی کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے ، دہشت گردی کا شکار عراق کی تعمیر نو کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، عراق پاکستان کے اداروں کی انسداد دہشت گردی میں مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ عراقی وزیر داخلہ نے دورہ کرنے پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کا شکریہ ادا کیا۔عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پولیس اکیڈمی اور فرانزک کے شعبہ میں عراقی افسران اور کیڈٹس کی تربیت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔