پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بننے کے قریب پہنچ گیا

پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بننے کے قریب پہنچ گیا
عالمی مالیاتی ادارے سے حالیہ معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر کے قرضوں کی وصولی کے بعد پاکستان قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آجائے گا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 31 مارچ 2023 کو پاکستان کا شمار آئی ایم ایف سے سب سے زیادہ قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر کیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں اسٹینڈ بائے اریجمنٹ کے تحت آئندہ 9 ماہ میں مزید 3 ارب ڈالر کا قرض وصول کرنے کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آجائے گا۔ آئی ایم ایف سے قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ارجنٹینا موجود ہے جو اب تک 46 ارب ڈالر کا قرض وصول کرچکی ہے۔ مصر 18 ارب ڈالر کے قرض کی وصولی کے ساتھ دوسرے اور یوکرین 12.2 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ فہرست میں چوتھا نمبر ایکواڈور کا ہے جسے آئی ایم ایف کی طرف سے 8.2 ارب ڈالر قرض دیا جاچکا ہے۔ اب تک کی فہرست میں 7.4 ارب ڈالرز قرض وصولی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پاکستان موجود ہے۔ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر قرض لینے کے بعد پاکستان ایکواڈور کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس معاہدے کے بعد پاکستان دنیا بھر کے ممالک میں آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔