ویب ڈیسک:توشہ خانہ ٹو کیس میں پانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے بریت کی درخواستیں دائر کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی عدالت میں پیش ہوئے۔
ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی جبکہ ان کی جانب سے سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ ،عثمان گل سمیت 4 وکلاء نے وکالت نامے داخل کروا دیئے۔
وکلا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں دائر کر دیں جبکہ ایف آئی اے پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی گئی۔
ایف آئی اے پراسیکوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ جان بوجھ کر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جا رہی، بریت کی درخواست فائل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس پر سماعت نہ ہو سکے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر ایف آئی اے سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔