علاقائی روابط میں این ایل سی کا ایک اور سنگِ میل عبور 

ویب ڈیسک: ملک میں علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (NLC) نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ وسط ایشیا کے ایک اور اہم ملک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے این ایل سی نے مؤثر طریقے سے رسائی حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق این ایل سی ٹرکوں پر مشتمل قافلہ 1400 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرتے ہوئے دارالحکومت دوشنبہ پہنچا۔ این ایل سی کے ٹرکوں کے ذریعے آلوؤں کی کھیپ برآمد کی گئی۔

نیشنل لاجسٹک سیل کے ٹرکوں نے اوکاڑہ اور رحیم یار خان سے دوشنبہ تک کا سفر صرف سات دنوں میں طے کیا۔ انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت افتتاحی قافلے کی آمد پر دوشنبہ کسٹمز ٹرمینل ون پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی جن میں تاجک وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم، این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل فرخ شہزاد راؤ، پاکستانی سفیر محمد سعید سرور، محکمہ کسٹم کے حکام اور نمایاں تاجک تاجر شامل تھے۔

تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی معروف لاجسٹک آرگنائزیشن کی طرف سے زمینی نقل و حمل کے باضابطہ آغاز کو سراہا۔

تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ "یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے"۔ 

تاجک وزیر نے خطے میں اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے تاجکستان تک پاکستانی ٹرکوں کی باآسانی آمدورفت کو مزید آسان بنانے کے لئے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔

این ایل سی کے ڈائریکٹر نے این ایل سی کے ذریعے تجارت میں تاجکستان کی اہمیت پر زور دیا۔ این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل نے این ایل سی قافلے کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے میں تعاون پر تاجک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ 

این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے باہمی تجارت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ٹی آئی آر کے نظام کے تحت این ایل سی کے ذریعے تجارت سے دونوں ممالک کی درآمدات اور برآمدات بروقت اور موثر طریقے سے ہونگی"۔

میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے خطے کے 10 ممالک میں پھیلے ہوئے وسیع آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے علاقائی روابط قائم کرنے میں این ایل سی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

Watch Live Public News