پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، وزیر داخلہ

پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ رپورٹس ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت قطعاً نہیں دی جائے گی، رپورٹس ہیں کہ پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی کو خبردار کرتا ہوں کہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کل احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں احتجاج پر سختی سے پابندی ہے،انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، ریڈ زون سے باہر مختص جگہوں پر پی ٹی آئی والے احتجاج کر سکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مختص کردہ جگہ پر سیکورٹی بھی فراہم کی جائے گی، ایف نائن پارک اور پریڈ گرائونڈ میں پرامن احتجاج کیا جا سکتا ہے،اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ سے چلنے والی پارٹی ثابت ہو چکی ہے، عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے پاکستان کی سیاست میں نفرت کے بیج بوئے، عمران خان نے سیاست میں اوئے توئے کا کلچر روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ثابت ہوئے ہیں، عمران خان نے نفرت، عدم برداشت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کرایا عمران خان نے ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کے لئے بیرون ممالک سے پیسے منگوائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا کل اہم اجلاس ہوگا، کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں امن و امان کو برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہیں، محرم الحرام کے موقع پر رینجرز، ایف سی اور سول آرمڈ فورسز سے متعلق صوبائی حکومتوں کی ڈیمانڈ کے مطابق ہر چیز مہیاء کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے خلاف مقدمہ ہے تو اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، ہم نے پچھلے چار سال ایسی چیزوں کا سامنا کیا ہے،عمران خان نے فرح گوگی کی لوٹ مار کا کوئی جواب نہیں دیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون کے مطابق کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے، اگر کسی کو گرفتار کرنے کی ضرورت پیش آئی تو کریں گے، ہم جلد بازی میں کوئی کام نہیں کریں گے،ہر کام قانون اور انصاف کے دائرے میں رہ کر کریں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔