ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، بلوم برگ کے مطابق مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کی پریس کانفرنس کی، عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کی صدارت کی، معاشی عشاریئے بہتری کی جانب گامزن ہیں، معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، معیشت کے استحکام کی بنیاد ہماری پچھلی 16 ماہ کی حکومت میں رکھی گئی۔
16 ماہ کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے اور ایکسچینج ریٹ میں بہتری آ رہی ہے، بلوم برگ کے مطابق مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 80 ارب روپے ہے، پی آئی اے کا خسارہ قومی خزانے پر بوجھ ہے، ہمیں قومی ایشوز پر سیاست کرنی چاہئے، معاشی استحکام کی طرف آگے جانا چاہئے۔
وفاقی کابینہ میں معیشت کے حوالے سے بھی بات ہوئی،مثبت اشاریئے اور رجحانات کو آگے لے کر چلیں گے تو شرح نمو میں اضافہ ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی کاوشوں سے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن ہو رہی ہے، ملک ہے تو سیاست ہے، ملک کے تو سیاستدان ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ معاشی استحکام کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،معیشت کی بہتری اور قومی مفاد کے لئے پوری قوم اکٹھی ہے،ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جا رہی ہے، وزیراعظم نے داسو جا کر چینی انجینئجرز سے ملاقات کی اور یکجہتی کا اظہار کیا، وزیراعظم ملک کی بہتری کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں بہترین انداز میں اپنا کام کر رہی ہیں، ہمیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تشکیل دینا ہوگی،معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، انشاءاللہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کے تمام مسائل کو حل کریں گے۔
اے پی پی کے حالیہ واقعہ کا تحقیقات کا حکم دیا ہے، اے پی پی کی تحقیقاتی کمیٹی کو ختم کر کے وزارت اطلاعات کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہےانکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔