اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ’’سلام پاکستان‘‘ برانڈ اور ای پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کےلئے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے، پاکستان سیاحوں کےلئے ایک بے مثال ملک ہے، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نواز ہے خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت مقامات کو سیاحت کے فروغ کےلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔ وزیر عظم کا کہنا تھا کہ عون چوہدری کی سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور پاکستان کےلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں اور سفارتی برادری کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ اور دستکاریوں کے شعبہ کی ترقی کےلئے ’’سلام پاکستان‘‘برانڈ اور ای پورٹل کو کامیابیوں سے نوازے۔