ویب ڈیسک :سابق وفاقی وزیر فوادچودھری نے کہا ہےکہ جسے ڈیجیٹل دہشتگردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے۔ نواز شریف اور زرداری پابندی لگا کر تاریخ کی سب سےبڑی غلطی کرنے جارہے ہیں کسی کو منہ دکھانے لائق نہیں رہیں گے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہاکہ سننے میں آ رہا ہے آج کابینہ کی میٹنگ میں پابندی کے معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے، نوازشریف اور آصف زرداری آج غلط رخ میں کھڑے ہیں،جو رکن ان کیساتھ کھڑا ہے وہ مستقبل کی سیاست میں نظریں نہیں ملا سکے گ۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کو 14ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے،کیا فرق پڑا،بلے کا نشان چھینا، کیسے کیسے نشانات دیئے، پھر بھی لوگوں نے ووٹ دیئے۔
نواز شریف اور زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں ۔آپ اس غلطی کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مظلوم ہے ساری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے ۔آپ نہ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ ہی کسی قانون کو ۔رؤف حسن اور احمد کو فوری رہا کیا جائے،
انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے ۔عدالت کے ساتھ لڑائی ، عوام کے ساتھ لڑائی اور معیشت تباہ ہے ۔ابھی شروعات ہیں لیکن آنے والے دنوں میں لوگ چیخیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سمیت دیگر جماعتوں کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں ہونا چاہیے ۔