قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے باعث 2 اموت جبکہ 675 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز 14 ہزار 632 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ کورونا مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 61 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک بھر میں 153 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ پچھلے ہفتے یہ وبائی مرض 3 اعشاریہ تھا جو اب بڑھ کر آج چار اعشاریہ تک پہنچ گیا ہے۔ اس مرض کے تدارک کیلئے ایس او پیز وہ ہی رہیں گی۔ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ہم لوگ صوبوں سے میٹنگز کر رہے ہیں۔ کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ https://twitter.com/NIH_Pakistan/status/1543772556766941187?s=20&t=naxn0ciRshbilbAKLAC_1w ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے ہلاکتیں کم ہو رہی ہیں لیکن پچھلے 24 گھنٹوں میں ہسپتالوں میں مریض بڑھے ہیں۔ ہم بوسٹر ڈوز کو 10 لاکھ تک لے جائینگے۔ سرکاری دفاتر کیلئے بھی ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبوں کو ایمرجنسی صورتحال پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ این ڈی ایم سے بھی رابطے کئے ہیں۔ دو مذہبی اجتماع آ رہے ہیں۔ عید اور محرم بھی قریب ہے۔ کوشش کریں کہ عید کی چھٹیوں پر کم سے کم گھروں سے نکلیں۔ وفاقی وزیر نے اپیل کی کہ کورونا وائرس کے حوالے سے لوگ احتیاط کریں۔ لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔ بازاروں میں آپ لوگ جاتے وقت احتیاط کریں۔