اسلام آباد (پبلک نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نوٹس جاری کر دئیے ٗ نوٹس میں دونوں جماعتوں سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ کیسے حکومتی سینیٹر کی مدد سے اپوزیشن لیڈر بنوایا گیا ؟تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی طرف پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں جس میں پوچھا گیا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعت بی اے پی سے ووٹ لینے کی وجہ سے پی ڈی ایم تحریک کو نقصان پہنچا آخر ایسا اقدام کیوں اٹھایا گیا ہے؟نوٹس پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی منظوری سے جاری کیا گیا ہےاس حوالے سے ایک صحافی نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا کہ ن لیگ آپ کو اپوزیشن لیڈر نہیں مانتی، کیا کہیں گے؟ جس پر ان کا جواب تھا کو ابھی تو ہمیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے،ابھی ہم نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا،شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے بعد کچھ طے ہوگا۔ پی ڈی ایم کی طرف سے نوٹس جاری کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس میں پیپلز پارٹی اور اے این پی سے حکومتی سینیٹر کی مدد سے اپوزیشن لیڈر بنوانے کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔