لاہور (پبلک نیوز) پنجاب حکومت کا 8 مئی سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ، لوگوں کی نقل وحمل محدود کرنے کیلئے ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ سمیت سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔شہروں کےداخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ چیک پوائنٹس پر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔ فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے اگلے 15 سے 20 دن نہایت اہم ہیں۔ شہری کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔ عوام عید سادگی سے منائیں۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر زیادہ چھٹیاں دینے کا مقصد لوگوں کی نقل وحمل کو محدود کرنا ہے۔ احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے متعلق شعور و آگاہی کو بڑھایا جائے۔ شہری عید کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق چھٹیوں کےدوران پارکس، سیاحتی مقامات کو مکمل بند رکھا جائے۔