اسلام آباد: پاکستان اور عالمی ادارہ صحت نےصحت کے شعبے میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ دستخطوں کی تقریب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ، نگران وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان ، سیکرٹری ہیلتھ افتخار علی شلوانی اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر بصیر اچکزئی بھی موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر سیکرٹری قومی صحت افتخار شلوانی اور عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر پلیتھا ماہیپالانے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ علاج کے لئے یونیورسل ہیلتھ کوریج حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی دنیا بھر میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاملے پر بحث کی گئی۔ ملک بھرمیں یونیورسل ہیلتھ کوریج کاآغازکیا ہے۔ اس کے لئے پاکستا ن میں عالمی ادارہ صحت طبی آلات ، ایمبولینسوں و موبائل یونٹس کی فراہمی ، لیبر رومز اورصحت کی بنیادی و ثانوی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہماری معاونت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت دور درازعلاقوں میں 450 سےزیادہ مراکز صحت میں گاڑیوں سمیت علاج کی سہولیات فراہم کر رہاہے جس سے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ایمبولینسوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس کی چابیاں دی گئیں۔ وزیراعظم نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے فراہم کی جانے والی ایمبولینسوں کا معائنہ بھی کیا۔