دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی کی بہترین ون ڈے ریٹنگ پوائنٹس میں انڈیا کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق بابر اعظم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ ان کے کھیل میں دن بدن نکھار آ رہا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والی آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں 276 رنز سکور کئے تھے۔ اس لاجواب اور شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم نے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 891 ہو گئی ہے۔ اس کارکردگی کی بدولت بابر اعظم نے انڈیا کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلین لیجنڈ مائیکل بیون کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ خیال رہے کہ بیون نے اپنے کیرئیر میں 885 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی تھی۔ جبکہ سچن ٹنڈولکر 887 ریٹنگ پوائنٹس تک ہی پہنچ پائے تھے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ ایک روز کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز سر ویوین رچرڈز کے پاس ہے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں 935 پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر پاکستانی کے عظیم بلے باز ظہیر عباس ہیں جنہوں نے 931 پوائنٹس حاصل کئے۔ انھیں ایشین بریڈ مین کہا جاتا ہے۔ جبکہ جاوید میانداد بھی اس فہرست مین موجود ہیں جنہوں نے 910 پوائنٹس اپنے نام کئے تھے۔