’پاک فوج مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے‘

’پاک فوج مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے‘
لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور محمد عبدالعزیز، صوبائی وزراء راجہ بشارت، یاسمین راشد، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ، محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ضروری اقدامات بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کو مزید تیز کرنے پر اتفاق، عسکری قیادت کا حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ کور کمانڈر لاہور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ٹیم انتہائی محنت کے ساتھ کورونا کی چوتھی لہر پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے، تعاون جاری رکھیں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاک فوج مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، مشترکہ اقدامات، اجتماعی بصیرت اور موثر حکمت عملی سے چیلنج پر قابو پائینگے۔ پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، شہری ویکسین لگوائیں اور کورونا سے محفوظ رہیں۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جامع پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون اور وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔