ویب ڈیسک: ملک کے بیشتر حصوں میں آج مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 70 منٹ سے زائد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی دفتر میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں سپارکو، مذہبی امور، محکمہ موسمیات سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آج مطلع ابرآلود رہے گا، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 70 منٹ سے زائد ہوگا۔کراچی، ٹھٹھہ، بدین میں غروب آفتاب کے وقت مطلع صاف رہے گا۔
چاند کی پیدائش گزشتہ شام 5 بجکر 40 منٹ پر ہوچکی ہے،آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ پاکستان میں آج ذی الحج کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔آج چاند نظر آنے کی صورت میں عید الاضحی 17 جون بروز پیر ہوگی،عیدالاضحیٰ پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم رہے گا۔
مغربی سسٹم کے تحت 9 جون تک مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا،عیدالاضحیٰ پر کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔