سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی ریٹائرمنٹ میں تبدیل، نوٹی فیکیشن جاری

shaukat aziz siddiqui
کیپشن: shaukat aziz siddiqui
سورس: google

ویب ڈیسک : وزارت قانون نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کو ریٹائرمنٹ میں تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ 30 جون 2021 سے تصور ہوگی۔

وزارت قانون نے شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا 11 اکتوبر 2018 کی برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا۔

یاد رہے کہ 3 مئی کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

صدر مملکت نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 195 کے تحت دی جس کے تحت ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن کا اطلاق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کی تاریخ 30 جون 2021 سے ہو گا۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر آئین کے آرٹیکل 209(6) کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

صدر ِپاکستان نے وزارت قانون و انصاف کی تجاویز کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر دی۔

خیال رہے کہ شوکت عزیز صدیق کو 21 جولائی 2018 کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی میں ایک تقریر کے لیے بطور جج نامناسب رویہ اختیار کرنے پر آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر جوڈیشل آفس سے ہٹا دیا گیا تھا۔