لاہور: سلیکشن کمیٹی کے ممبر توصیف احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا عبوری چیف سلیکٹر تعینات کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق توصیف احمد سینیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ وجاہت اللہ واسطی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے عبوری چیف سلیکٹر تعینات کردیے گئے۔ خیال رہے کہ توصیف احمد کی پہلی اسائنمنٹ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کے انتخاب ہوگی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دسمبر میں تین ٹیسٹ میچز کے لیےآسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔ پی سی بی کے مطابق سینئر سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمداور وسیم حیدر شامل ہیں، جونیئر سلیکشن کمیٹی میں عامر نذیر، جاوید حیات، محمود حامد، نوید لطیف، سلمان احمد اور ثناء اللہ بلوچ شامل ہیں۔ سینیئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹیاں 6 اکتوبر کو تشکیل دی گئیں تھیں۔