نیب خود ایک قابل احتساب ادارہ بن چکاہے

نیب خود ایک قابل احتساب ادارہ بن چکاہے
لاہور ( پبلک نیوز ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عام آدمی کیلیے آج زندگی گزرارنا مشکل سے مشکل تر ہو گیا ہے، حکومت میں جو تبدیلی آئی ہے وہ بار بار آفیسرز کی پوزیشن میں تبدیلی ہے، موجودہ حکومت میں عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اس وقت ملک قرضوں کے بوجھ تلے ہے، موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح سود کی وکالت کر رہی ہے. امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نیب خود ایک قابل احتساب ادارہ بن چکا، نیب ایک نہیں دو طرح کے طریقے سے لوگوں کا احتساب کر رہی ہے، نیب موجودہ حکومت کے لوگوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھ رہی ہے، اس حکومت میں ہر دن ایک. یا بجٹ آتا ہے، گزشتہ چند ماہ سے ڈیزل، پٹرول سمیت تمام اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں نوابوں، خانزادوں اور جاگیرداروں کی حکومت ہے، انگریزوں سے وفاداری کے عوض اپنے ضمیر بیچنے والے جاگیردار آج بھی ملک پر قابض ہیں، ملک میں ہر طرف جاگیردار اشرافیہ نے ڈیرے ڈالے ہیں، 73 سال میں اس ملک میں اسلامی نظام نافذ نہ ہو سکا، 73 سالوں میں ہم کشمیر کو آزاد نہیں کروا سکے۔ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اعلانات ہی کرتے رہے کہ کشمیر کیلیے اقدامات کریں گے لیکن صرف نعرے ہی رہے، باعث شرم ہے موجودہ حکومت میں فحاشی و عریانی میں اضافہ ہوا، این جی اوز کے کہنے پر پارلیمنٹ میں فیملی سسٹم کو تباہ کرنے کا بل پاس کروایا گیا، حکومت کا آج ایک ہی کام رہ گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر لوگوں کی جیبوں سے پیسے بٹورے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آنے والے الیکشن کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں، بلدیاتی و جنرل الیکشن میں عوام کرپٹ حکمرانوں کو دفن کر دیں گے، لوگوں کیلیے آج ایک ہی چوائس ہے کہ ملک مین عدل و انصاف کی بحالی کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اس وقت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے جماعت اسلامی کے علاوہ لوگوں کے پاس کوئی آپشن نہیں۔