مری اور گردونواح میں شدید برفباری، تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈںگ کا خطرہ

مری اور گردونواح میں شدید برفباری، تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈںگ کا خطرہ
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کے روز مری اور اس کے گردونواح میں مزید برفباری، تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 9 جنوری کی (دوپہر) تک مری، گلیات، کاغان، ناران، دیر، سوات، چترال، استور، سکردو، ہنزہ، گلگت، نیلم ویلی، باغ اور حویلی کے اضلاع میں رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ وہاں موجود سیاح محتاط رہیں۔ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا ، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر تیز بارش، ژالہ باری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش راولپنڈی چکلالہ 85، اسلام آباد 78، منگلا 76، لاہور 74، گوجرانوالہ 70، نارووال 61، سیالکوٹ 60، منڈی بہاء الدین 51، گجرات، اٹک 48، حافظ آباد 45، مری 43، چکوال 34، قصور 33، اوکاڑہ 29، بہاولنگر، بھکر 25، سرگودھا 18، ساہیوال، لیہ، 71، خانیوال 15، جوہر آباد 14، جھنگ 09، بہاولپور 09، ڈی جی خان 07 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ مری میں 17، کالام، مالم جبہ 12، گوپس 05، دیر 02 اور دروش میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ خیال رہے کہ مری اور گلیات کے علاقوں میں شدید برفباری سے ہزاروں سیاح پھسنے ہوئے ہیں۔ گذشتہ رات گاڑیوں میں پھنسے متعدد افراد شدید ٹھنڈ اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے خالق حقیقی سے جا ملے۔ حکام کی جانب سے اس افسوسناک سانحہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 21 بتائی جا رہی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔