ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں گی۔ آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ وارم اپ میچز کا شیڈول جاری کردیا۔ وارم اپ میچز 10 اکتوبر سے 19 اکتوبر کی درمیان کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم ورلڈ کپ سے پہلے دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم پہلا وارم اپ میچ 17 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم دوسرا میچ 19 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں پاک افغان میچ کے دوران افغانی تماشائیوں کی طرف سے ہنگامہ آرائی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے آئی سی سی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے واقعہ پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں بلکہ تیسری مرتبہ ہوا جب افغانی تماشائیوں نے گلوبل ایونٹس میں ہنگامہ آرائی کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانی فینز نے سپورٹس میں سپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2019ء اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء کے دوران بھی افغان فینز نے پاکستانی شائقین کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ہم اپنے فینز کو یوں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ کرکٹ شائقین ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ بھی یہی سلسلہ جاری رہے۔