ملالہ یوسفزئی کا وزیر اعظم کو خط، تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا چار فیصد  کرنے کا مطالبہ 

ملالہ یوسفزئی کا وزیر اعظم کو خط، تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا چار فیصد  کرنے کا مطالبہ 

(ویب ڈیسک ) ملالہ یوسفزئی نے خط میں کہا ہے کہ آپ کے 100 دن کے حکومتی پلان میں بچیوں کی تعلیم کے لئے تعاون کریں گے۔

ملالہ فنڈ کی سربراہ ملالہ یوسفزئی نے  وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھا  اور   نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ ملالہ یوسفزئی نے وزیراعظم شہبازشریف کووزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

خط میں کہا کہ  امید ہے کہ تعلیم کا فروغ آپ کی اولین ترجیح رہے گا،  آپ کے 100 دن کے حکومتی پلان میں بچیوں کی تعلیم کے لئے تعاون کریں گے،  ملالہ فنڈ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے اب تک ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے خط  میں کہا کہ  وزارت تعلیم کے ذریعے ساڑھے چار ہزار سے زائد سکولوں تک رسائی حاصل کی ، پانچ لاکھ لڑکیوں کی تعلیم کے لئے سٹیم پارٹنر شپ کے ذریعے خدمات فراہم کیں،  تدریسی نظام کی بہتری، ڈیجیٹل ایجوکیشن اور گرلز لیڈرشپ پروگرام کے لئےسول سوسائیٹی اور ماہرین تعلیم کی کوششوں میں مدد کی ۔

خط میں کہا گیا کہ  پاکستان میں دو کروڑ ساٹھ لاکھ بچے سکول نہیں جاتے جن میں زیادہ تر لڑکیاں ہیں،  دو لاکھ اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں،  تعلیم کے فروغ کے لئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جو قابل ہوں اور جنہیں جانچا جاسکے،  تعلیم کے شعبے میں اہداف کے حصول کی راہ میں درپیش معاشی مشکلات سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ  تعلیمی بجٹ دو فیصد سے کم ہے، اسے جی ڈی پی کا چار فیصد ہونا چاہیے،  امید ہے کہ آپ اپنے پارٹی منشور کی روشنی میں تعلیم کے لئے بجٹ بڑھائیں گے ،  ملالہ فنڈ تعلیم خاص طورپر لڑکیوں کی تعلیم کے لئے آپ کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گا،  توقع ہے کہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران یا رواں سال کے آخر میں میری پاکستان آمدکے موقع پر آپ سے ملاقات ہوگی۔

Watch Live Public News