لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ ساز اقدام اٹھا یا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کو بلا سود الیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دیئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں بلا سود الیکٹرک بائیکس اور رکشے دینے کے پروگرام کا اعلان کیا،انہوں نے پنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ پنجاب میں الیکٹرک رکشہ سازی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ساز گار کمپنی کے سی ای او کو پہلا لائسنس دیا۔انہوں نے بتایا کہ طلباو طالبات کو10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دی جائیں گی۔ 10ہزار الیکٹرک رکشے بھی بلا سود پنجاب بینک کے تعاون سے دیئے جائیں گے۔ سپیشل افراد کو بلا سود 2ہزار الیکٹرک تھری ویلر بائیکس دی جائیں گی۔ سرکاری ملازمین کو 2ہزار الیکٹراک بائیکس بلا سود دی جائیں گی۔ سرکاری و نجی ملازمت پیشہ خواتین کو 2ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہے۔ سرکاری محکمے آئندہ صرف الیکٹرک بائیک ہی خرید سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چنگ چی رکشہ باڈی سٹینڈر زپروگرام کے نفاذکا بھی باقاعدہ اعلان کر دیا۔انہوں نے الیکٹرک موٹر بائیکس رکشہ اور گاڑیوں کی نمائش دیکھی، اس دوران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے الیکٹرک رکشہ میں سواری کی اور الیکٹرک رکشہ کے معیار کی تعریف کی۔