بڑی پارٹی کو نشان سےمحروم کیا گیا,سربراہ کامن ویلتھ

بڑی پارٹی کو نشان سےمحروم کیا گیا,سربراہ کامن ویلتھ
کیپشن: بڑی پارٹی کو نشان سےمحروم کیا گیا,سربراہ کامن ویلتھ

ویب ڈیسک: کامن ویلتھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا ہے کہ ایک بڑی پارٹی کو نشان سے محروم کیا گیا جو غیر تعلیم یافتہ ووٹر کیلئے مشکل تھی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کامن ویلتھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا کہ ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے 2024ء الیکشن کا مشاہدہ کیا، اس دوران کراچی، ملتان، حیدرآباد اور فیصل آباد کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، الیکشن 2024ء اچھے ماحول میں ہوئے، لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد الیکشن مہم کے لیے نکلی۔

سربراہ کامن ویلتھ وفد نے کہا کہ الیکشن کے دوران اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے، چند واقعات ہوئے جن میں بے قاعدگیاں نوٹ کی گئیں لیکن پولنگ سٹاف نے بہت پروفیشنل طریقے سے کام کیا، الیکشن کمیشن کے سٹاف کے کام کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای ایم ایس سسٹم بہترین کاوش تھی لیکن الیکشن مینجمنٹ سسٹم انتخابات کے دن اچھے طریقے سے نہیں چلا، ہم فائنل رپورٹ میں تمام شکایات سے متعلق بات کریں گے۔

ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے مزید کہا ہے کہ ہم الیکشن کے ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ انتخابی عمل اچھے طریقے سے مکمل ہو گا، شہریوں سے گزارش ہے کہ صبر اور حوصلے سے کام لیں، گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں اس مرتبہ لیگل فریم ورک کو بہتر بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

Watch Live Public News