سرکاری ملازمین کی موجیں، تنخواہوں میں اضافہ متوقع

سرکاری ملازمین کی موجیں، تنخواہوں میں اضافہ متوقع
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری ملنے والی ہے۔ خبریں ہیں کہ آئی ایم ایف کی رضامندی سے تنخواہوں میں کم از کم 15 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) اور پاکستانی وفد کیساتھ مذاکرات کے دوران پاکستان میں سبسڈی کے بتدریج خاتمے کے بعد عوام کو درپیش مسائل اور مہنگائی کی صورتحال کا ذکر کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد نے آئی ایف ایم کے سامنے تمام صورتحال رکھی، جس کے بعد عالمی ادارے نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے پر رضامندی ظاہر کردی۔ امید کی جا رہی ہے کہ آج وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بجٹ میں سرکاری ملازمین کی پنشنز اور تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کریں گے۔ تاہم اس سے قبل اسے وفاقی کابینہ سے بھی حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا جس میں حکومت آئندہ مالی سال کا ایجنڈا پیش کرے گی۔ قومی حکومت نے اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کرلی ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس سپیکر راجا پرویز اشرف کے زیر صدارت آج سہ پہر 4 بجے ہوگا۔ وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہائوس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہوں گی۔ غیر متعلقہ افراد کی پارلیمنٹ ہائوس میں داخلے پر پابندی ہو گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔