عامر لیاقت حسین کا پوسٹمارٹم ہوگا، تدفین رکوا دی گئی

عامر لیاقت حسین کا پوسٹمارٹم ہوگا، تدفین رکوا دی گئی
کراچی پولیس نے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تدفین کا عمل رکوانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ ان کی موت کی گھتیاں سلجھائی جا سکیں۔ خیال رہے عامر لیاقت کی سابق اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ان کے بچے نہیں چاہتے کہ ان کے والد کا پوسٹ مارٹم کیا جائے، اس لئے ان کی خواہش کے مطابق آج بعد نماز جمعہ ان کا نماز جنازہ اور تدفین کر دی جائے گی۔ چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت کی خواہش تھی کہ ان کی تجہیز وتکفین کے انتظامات ہمارا ادارہ کرے، اس لئے تمام انتظامات ہمارے ذمہ ہیں۔ ہم ان کی آخری وصیت کے مطابق عامر لیاقت کو ان کے والدین کے پہلو میں دفن کریں گے۔ دوسری جانب عامر لیاقت کے فرزند جو ان دنوں اعلیٰ تعلیم کیلئے برطانیہ میں موجود ہیں، اپنے والد کے جنازے میں شرکت کیلئے آج کراچی پہنچ رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ عامر لیاقت کے اہلخانہ انکار کر رہے ہیں کہ ہم پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دیں گے تاہم ان کی موت کی وجہ جاننے کیلئے یہ عمل انتہائی ضروری ہے۔ اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر عامر لیاقت حسین کی موت کے حوالے سے کراچی کے تھانے بریگیڈ میں ایک روزنامچہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس میں ہدایات دی گئی ہیں کہ سرد خانہ صرف اسی تھانے کے عملے کو عامر لیاقت کی میت حوالے کرے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے علاوہ کسی اور عامر لیاقت حسین کی میت نہیں دی جائے گی۔ اگر کسی نے زور زبردستی کرنے کی کوشش کی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔