واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے روس کی جانب سے یوکرین میں کیمیائی حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے روس کے یوکرین میں امریکی بائیولوجیکل ہتھیاروں، لیبارٹری اور کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق دعوے کو بے بنیاد قرار دےدیا،انہوں نے کہا کہ جعلی دعوے یقیناً ایک چال بازی ہے جو اشتعال انگیز حملوں کی وضاحت پیش کرنے کی کوشش ہے۔ جین ساکی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ روس یوکرین پرکیمیا ئی یا بائیولوجیکل ہتھیاروں سے حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، روس یوکرین میں ایک اورفالس فلیگ آپریشن شروع کرنے کے لیے ان ہتھیاروں کا استعمال کرسکتاہے۔ قبل ازیں برطانیہ کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ روس نے یوکرین میں ایسے خطرناک راکٹوں کا استعمال کیا ہے جو عام طور پر ویکیوم بموں کے نام سے جانے جاتے ہیں، ان کے حملوں سے ارد گرد کے علاقوں کی آکسیجن میں کمی اور فضا میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔