12 سالہ بچے کا اغواء کے بعد قتل، ماموں ہی قاتل نکلا

12 سالہ بچے کا اغواء کے بعد قتل، ماموں ہی قاتل نکلا
کیپشن: Murder of 12-year-old child after kidnapping, uncle turned out to be the killer

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 12 سالہ معصوم بچے کے اغواء اور قتل کی لرزہ خیز واردات میں بچے کا ماموں ہی ملوث نکلا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے بچے کی لاش منگھو پیر سے برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اورنگی کے علاقے مؤمن آباد سے بچے کا اغوا کے بعد قتل کی واردات رونما ہوئی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ 12 سالہ بچے کے اغواء کے بعد قتل میں بچے کا ماموں ہی ملوث نکلا۔ 

پولیس حکام کے مطابق 8 مئی کو عبیدنامی بچے کو اغوا کرکے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ اہلخانہ نے بچے کے اغوا کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کرایا۔ پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزم فرقان اور فرحان کی نشاندہی پر بچے کی لاش منگھو پیر سے برآمد کر لی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان میں ایک مقتول کا ماموں ہے۔ ملزمان کے پاس گھر کی تمام تر تفصیلات موجود تھیں۔

مقتول عبید کی والدہ ایک ماہ قبل بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھی۔ عبید کی والدہ کے پاس 15،20 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News