پہلا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا

پہلا سیمی فائنل آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا
ابوظہبی: ( پبلک نیوز) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے پہلے سیمی فائنل میں آج انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور کل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے گروپ پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اسے ایک میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں جبکہ بنگلا دیش اور آسٹریلیا کو آٹھ 8 وکٹوں سے ہرایا۔ اسی طرح اس نے سری لنکا کو 26 رنز کی شکست سے دوچار کیا۔ تاہم اسے سائوتھ افریقہ کے خلاف 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انڈیا اور افغانستان کے خلاف آٹھ 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف 16 اور 52 رنز سے فتوحات کو سمیٹا تاہم پاکستان کے خلاف اسے 5 وکٹوں سے حزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں ناقابل شکست پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوانٹس حاصل کئے اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے گروپ میں ایک شکست کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کوئی ٹاس نہیں ہارا اور گروپ کے تمام پانچ میچوں میں ٹاس جیت کر انڈیا، نیوزی لینڈ، افغانستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے انڈیا کو 10 جبکہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کو پانچ 5 وکٹوں سے شکست دی، اسی طرح نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو بالترتیب 46 اور 72 رنز سے ہرایا۔ آسٹریلیا نے سائوتھ افریقہ اور سری لنکا کو بالترتیب 5 اور 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کو آٹھ 8 وکٹوں سے ہرایا تاہم اسے انگلینڈ سے 8 وکٹوں سے شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہوا ہے۔ تادم تحریر انہوں نے پانچ میچوں میں پانچ اننگز کھیلیں اور ایک مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے 5 چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے 128.15 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ مجموعی طور پر 264 رنز بنائے جس میں ان کی پانچ نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 70 رنز رہا۔ اسی طرح سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا چھٹا نمبر ہے۔ انہوں نے پانچ میچوں میں پانچ اننگز کھیلیں اور وہ دو مرتبہ ناٹ آئوٹ بھی رہے ہیں۔ انہوں نے 79 رنز ناٹ آئوٹ کی بڑی اننگز کے ساتھ مجموعی طور پر 214 رنز سکور کئے ہیں جس میں 8 چھکے اور 20 چوکے شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اوسط کی فہرست میں شعیب ملک کا نام دوسرے نمبر پر ہے۔ وہ اپنے پانچوں میچ کی تین اننگز میں دو مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے 54 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ کل 99 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل ہیں۔ ایک اننگ میں بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والوں کی فہرست میں حارث رئوف کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے اپنے ایک میچ میں 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی نے اب تک مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ مجموعی طور پر 45 میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دو رائونڈز پر مشتمل ہے۔ رائونڈ ون کے کوالیفائرز میں آٹھ ٹیموں بشمول بنگلا دیش، سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان بارہ میچ کھیلے گئے، جس میں ٹاپ چار ٹیمیں سپر 12 کے مرحلے میں پہنچی تھیں۔ اسی طرح رائونڈ ٹو کے سپر 12 کے مرحلے میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، جس میں گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سائوتھ افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کو شامل کیا گیا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، نیوزی لینڈ، انڈیا، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ شامل تھیں۔ سپر 12 کے مرحلے میں مجموعی طور پر 30 میچ کھیلے گئے۔ ورلڈ کپ میں ابھی دو سیمی فائنلز اور ایک فائنل کھیلا جانا باقی ہے۔ سیمی فائنلز میں جیتنے والی ٹیموں کے درمیان اتوار 14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

Watch Live Public News