لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد لاہور کو اسموگ سے آفت زدہ علاقہ قراردے دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیا گیا،صوبے بھر میں اسموگ کی وجہ بننے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے،کالا دھواں چھوڑنے والی صنعتوں کو بھی بندکیاجائےگا۔ اس حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں سموگ کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سموگ کو کنرول کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں کرائسس روم قائم کیا جائے گا، اسکولوں کو دھوئیں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے بسیں خریدنے پر پابند کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنرز سموگ کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے، فصلوں کی باقیات کو جلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، فصلوں کو جلانے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ڈی سی کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں اور صنعتوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا، تجاوزات اور رانگ پارکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔سموگ ایڈوائزری متعلقہ محکموں کے ذریعہ جاری کی جائے گی۔ خیال رہے کہ عدالت نے سموگ سے متعلق متعلقہ محکمے سے عملدرآمد رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔