راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے شہری آبادی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری شہید جبکہ 17 زخمی ہوگئے ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے چمن میں شہری آبادی پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی ہے، افغان فورسز کی بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری شہید،17 زخمی ہوگئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں بشمول آرٹلری اور مارٹرز سے نشانہ بنایا ۔پاکستانی دستوں کی جانب سے جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی دستوں نے جوابی کارروائی میں سویلین آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جانب سے کابل میں افغان حکام سے رابطہ کیا اور صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان نے افغان حکام سے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔