بابر اعظم کپتان رہیں گے؟ صحافی کے سوال پر محسن نقوی نے کیا جواب دیا

بابر اعظم کپتان رہیں گے؟ صحافی کے سوال پر محسن نقوی نے کیا جواب دیا

ویب ڈیسک: (شکیل خٹک)چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے سابق کرکٹرز کی طویل  ملاقات ہوئی۔ سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے تجاویز دیں۔ سابق کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کیں۔

تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کاانفراسٹرکچر بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ 4 روزہ میچز اور انڈر 19 کے ٹورنامنٹس کرانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ 

سابق کرکٹرز نے ونٹر سیزن کے ساتھ سمر سیزن میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز دی۔ کرکٹرز کی جانب سے پشاور اور دیگر شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز بنانے کی سفارشات پیش کی گئیں۔ سابق کرکٹرز نےپاکستانی کوچز کے معیار اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین پر تحفظات کا اظہار کیا۔ سابق کرکٹرز نے پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

سابق کرکٹرز نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اپنے بیان میں سابق کرکٹرز کا کہنا تھا کہ آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے۔ امید ہے کہ کرکٹ کو بھی آپ بہتر بنائیں گے۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے آپ کے ساتھ مشاورتی عمل کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے جو کچھ کر سکتے ہوئے کر گزریں گے۔ 4 روزہ میچوں اور انڈر 19 ٹورنامنٹس پر فوکس کیا جائے گا۔ پاکستانی کوچز کا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کوچز کا معیار بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ 

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ کا سمر سیزن ایبٹ آباد یا ہنزہ پر منعقد کرانے کا پلان بنایا ہے۔ کمرشل ازم بڑھ گیا ہے اسی لیےڈیپارٹمنٹس کرکٹ پر سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لیتے۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے گراونڈز پی سی بی خود لے رہا ہے۔ پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انشاءاللہ سب کی مشاورت سے کرکٹ کو نچلی سطح سے بہتر بنائیں گے۔ 

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے تمام تجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز پر عملدرامد کی یقین دہانی کرائی۔ 

ملاقات کرنے والے کرکٹرز میں انتخاب عالم۔ سلیم الطاف، سکندر بخت۔اقبال قاسم۔ ہارون رشید۔ صادق محمد۔ شفیق پاپا۔ سلیم یوسف۔ یاسر حمید۔یاسر شاہ۔سرفراز احمد۔اعجاز احمد۔باسط علی۔وجاہت اللہ واسطی۔عاصم کمال۔محمد سمیع۔ راشد خان۔عامر ملک۔ شفقت رانا۔ عبدالرؤف۔ سلمان بٹ۔اظہر خان اور اظہر محمود شامل تھے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر۔ ڈائریکٹرز ندیم خان۔ عثمان واہلہ۔ عبداللہ خرم نیازی۔ انالسٹ بلال افضل اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ   بابر اعظم کپتان رہیں گے؟  جس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جواب دیا کہ ابھی اس پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔