(ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بدھ کے روز سے آئندہ پیر کے روز تک کے دوران آندھی اورگرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث صوبہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کوآندھی اورگرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کردیں ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔
حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے ۔