پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کا الرٹ جاری

(ویب ڈیسک ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مزید   مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 3 سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے۔ جبکہ  4 سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 

ڈی جی سیف انور جپہ کا کہنا ہے کہ مری  گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں ہیں ۔

ڈی جی سیف انور جپہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے،راولپنڈی لاہور گجرانوالا اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

  ڈی جی پی ڈی ایم اے  کا کہناہے کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Watch Live Public News