بڑے اپ سیٹ، ن لیگ کے کئی بڑے امیدوار پارلیمان سے باہر

بڑے اپ سیٹ، ن لیگ کے کئی بڑے امیدوار پارلیمان سے باہر
کیپشن: PMLN
سورس: ویب ڈیسک

(ویب ڈیسک)عام انتخابات میں لاہورسے خواجہ سعد رفیق ،شیخ روحیل اصغر اورمیاں نعمان کو شکست کھانا پڑی، رانا مشہود بھی ہار گئے۔گوجرانوالہ میں مسلم لیگ کی مضبوط تصور کی جانے والی سیٹ بھی گئی،حلقہ این اے 78میں خرم دستگیر شکست کھا گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقے این اے 122میں سعد رفیق کو لطیف کھوسہ نے ہرادیا،مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر لاہور کے حلقہ این اے 121سے شکست کھا گئے۔ لاہور سے این اے 129سے میاں نعمان کو شکست ہوئی، جبکہ رانا مشہود پی پی 172بھی اپنی سیٹ نہ جیت سکے۔ فیصل آبادمیں رانا ثنااللہ کو حلقہ این اے 100 سےآزاد امیدوار نثار جٹ نے اپ سیٹ شکست دی، رانا ثنا اللہ کے داماد احمد شہریار پی پی 116 سے اپنے اپنی سیٹ بچا نہ سکے۔

فیصل آباد کے حلقہ این اے 102 میں عابد شیر علی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے 83 سوگودھا سے محسن شاہ نواز رانجھا بھی پارلیمنٹ سے آئوٹ ہوگئے۔ ننکانہ کے حلقہ این اے 111 سے برجیس طاہر بھی اپنی سیٹ ہار گئے۔این اے پندرہ مانسہرہ سے قائد ن لیگ نوازشریف بھی جیت نہ سکے۔

دوسری جانب عام انتخابات میں کامیاب آزاد امیدواروں کا سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آغاز ہوگیا ، 5 آزاد امیدوار مسلم لیگ ن میں شامل ہوچکے ہیں،  این اے 121 سے کامیاب ہونے والے بطور آزاد امیدوار تحریک انصاف کےحمایت یافتہ وسیم قادر مسلم لیگ ن میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں ۔ این اے 54 ٹیکسلا سے آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ملک نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

این اے 48 سے کامیاب آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوچکے ہیں،بلوچستان کے حلقہ این اے 253 سے آزاد امیدوار میاں خان نے بھی ایک ویڈیو بیان میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اس کے علاوہ این اے 146 کے امیدوار پیر ظہور حسین بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔