سپریم جوڈیشل کونسل کا جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کیخلاف کارروائی ختم نہ کرنے کا فیصلہ
09:04 PM, 11 Jan, 2024
اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نےجسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کیخلاف کارروائی ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مستعفی جج مظاہر علی اکبر نقوی کو اپنے دفاع کا ایک اور موقع دے دیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی چاہیں تو کونسل میں کل پیش ہوکر اپنا موقف دے سکتے ہیں ۔ اس سے قبل سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجاز الاحسن سپریم جوڈیشل کونسل سے الگ ہوگئے جس کے بعد جسٹس منصور کو کونسل میں شامل کرلیاگیا۔ اٹارنی جنرل نے کونسل کو بتایا کہ جج کا استعفی کونسل کو رائے دینے سے نہیں روکتا ۔ ایک بار سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی شروع کر دی تو اس پر رائے دینا ہو گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سپریم کورٹ سمیت تمام ادارے عوام کو جوابدہ ہیں، سپریم کورٹ کی ساکھ خطرے میں پڑی ہے، کونسل کی کارروائی کل بھی جاری رہے گی ۔