ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کو جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان ٹاؤن کو جلانے کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے سابق وزیر اعظم کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کر دی۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی بنانے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔