کینیڈا کے مشہور پاپ گلوکار جسٹن بیبر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اس ہفتے کا شو منسوخ کرنا پڑا کیونکہ ان کا چہرہ مفلوج ہو گیا تھا۔ 28 سالہ گلوکار نے ایک انسٹاگرام ویڈیو میں بتایا کہ یہ حالت رامسے ہنٹ سنڈروم کی وجہ سے ہوئی ہے۔ جسٹن بیبر کا کہنا تھا کہ "جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری ایک آنکھ نہیں جھپک رہی ہے۔ میں اپنے چہرے کے ایک طرف سے مسکرا بھی نہیں سکتا، اس لیے میرے چہرے کا ایک رخ مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔" ماہرین کا کہنا ہے کہ رامسے ہنٹ سنڈروم اس وقت ہوتا ہے جب شنگلز (ایک قسم کی جلد کی سوزش) کی وبا کسی کے کان کے قریب چہرے کے اعصاب کو متاثر کرتی ہے۔ https://twitter.com/MizTeeFranklin/status/1535398059491872768?s=20&t=2eraSkxmyLcYNre5gDKkGg بیبر کے جسٹن ورلڈ ٹور کے تین شوز کو اس ہفتے کے شروع میں ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ "اس وائرس نے میرے کانوں اور میرے چہرے کے اعصاب پر حملہ کیا ہے اور میرا چہرہ مفلوج ہو گیا ہے،" کینیڈین گلوکار نے تین منٹ کی ویڈیو میں اپنے چہرے کا دائیں جانب دکھایا۔ اس نے اپنے مداحوں سے صبر کرنے کو کہا، اور اپنے آنے والے شو کے بارے میں بتایا کہ وہ "جسمانی طور پر یہ شو کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔" https://twitter.com/JenBTSVTJ/status/1535373664040136705?s=20&t=2eraSkxmyLcYNre5gDKkGg انہوں نے کہا، "یہ بہت سنجیدہ ہے، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں۔ کاش ایسا نہ ہوتا لیکن ظاہر ہے کہ میرا جسم مجھے کہہ رہا ہے کہ مجھے کچھ دیر ٹھہرنا ہے۔ امید ہے آپ لوگ سمجھ گئے ہوں گے۔ میں اس وقت کو صرف آرام کرنے اور 100 فیصد توانائی کے ساتھ واپس آنے کے لیے استعمال کروں گا تاکہ میں وہ کر سکوں جو میں کرنے کے لیے پیدا ہوا ہوں۔