پبلک نیوز: سنوایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے زیر اہتمام " 23 مارچ 1940 اور آج کا پاکستان" کے عنوان پر کل پاکستان تقریری مقابلہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق 23 مارچ 1940 اور آج کا پاکستان کے عنوان پر سنو ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کی جانب سے کُل پاکستان تقریری مقابلے کی اختتامی تقریب ہوئی،یہ تقریب آرمی پبلک سکول ڈی ایچ اے کیمپس میں منعقد ہوئی، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی عہد حاضر کے عظیم مصنف، شاعر اور ادیب جناب افتخار عارف صاحب تھے۔
مہمانان تقریب میں شاعر اور سینئر بیوروکریٹس نے اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں ، طلباء و طالبات اور تقریری مقابلے میں شامل مقررین کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہوۓ ، اختتامی تقریب میں ملک بھر سے منتخب ہوکر آنے والے نوجوانوں نے فن تقریر کا مظاہرہ کیا اور خوب داد سمیٹی۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے حیدر عباس نے پہلی جبکہ لاہور کے محمد عبداللہ نواز نے دوسری اور آزاد جموں کشمیر کی مشعل ابرار عباسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی،مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 لاکھ دوسری پوزیشن کو تین لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو دو لاکھ روپۓ دیے گئے،مقابلے میں شریک دیگر مقررین کو بھی پچاس پچاس ہزار کے انعامات سے نوازا گیا۔
پروگرام کے آخر میں نامور شاعر و ادیب افتخار عارف صاحب نے اپنی شاعری سے سب کو محظوظ کیا،انعامات کی تقسیم اور گروپ فوٹو کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا،ملک بھر سے سینکڑوں نوجوانوں نے اس تقریری مقابلے میں حصہ لیا،سولہ بہترین تقاریر کو تقریب کے اختتام پر جیوری نے اگلے مرحلے کے لئے شارٹ لسٹ کیا۔
ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والی بصارت سے محروم خصوصی بچی فاطمہ مشتاق نے بھی فائنل مقابلے میں اپنی تقریر پیش کی اور انعام حاصل کیا،اس تقریری مقابلے کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو قرارداد پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا،تقاریر مقابلے کا ایک اور اہم مقصد قومی سطح پر طلباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔