اسرائیل نے بربریت کی تمام حدیں پار کردیں 260بچوں سمیت 900 فلسطینی شہید،4ہزارسے زائدزخمی

اسرائیل نے بربریت کی تمام حدیں پار کردیں 260بچوں سمیت 900 فلسطینی شہید،4ہزارسے زائدزخمی
بیت المقدس: اسرائیل نے بربریت کی تمام حدیں پار کردیں، صیہونی حملوں میں 260 بچوں اور 230 خواتین سمیت 900 فلسطینی شہید، 4 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے. تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے بزرگ، خواتین، زخمیوں اور ہسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کی، زخمیوں کو ہسپتال لے جانے والی 4 ایمبولینسز پر بھی حملہ کیا گیا، اسرائیل کی بحریہ نے بھی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے غزہ کے ساحل پر شدید بمباری کی ہے. خان یونس میں ایک ہی خاندان کے14افراد شہید ہوئے ہیں ، غزہ پر ایک ہزارسے زائد حملے کیے جاچکے ہیں ، اسرائیلی فورسز کی سکولوں میں پناہ لئے ہوئے افراد پر بھی بمباری کی گئی ہے ، 7 مساجد اور 72 عمارتیں مکمل تباہ ہو چکی ہیں ، 5 ہزار سے زائد رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے جس کے باعث ایک لاکھ 87ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے صحافیوں کو بھی نہ بخشا، غزہ میں میڈیا دفاتر پر گولے گرنے کے نتیجے میں متعدد صحافی بھی جاں بحق ہوئے ہیں ، پناہ گزین کیمپ پر حملے میں درجنوں فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، جنگ کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر طبی سہولیات کا بھی شدید فقدان پیدا ہو گیا ہے۔ غزہ کے بعد اسرائیلی افواج نے لبنان پر بھی حملہ کر دیا ہے ، حملے میں حزب اللہ کے 4 جنگجو شہید ہوئے، جوابی کارروائی میں اسرائیلی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے کہ جس میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے، اسرائیل نے غزہ کی باڑ پر دوبارہ مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب حماس کی جانب سے بھی اسرائیل کے علاقوں پر لگاتار حملے جاری ہیں، حملوں میں اسرائیلی ٹینکوں اور طیاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، القسام بریگیڈز نے اسرائیل کیخلاف استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز کی ویڈیو جاری کر دی، ویڈیو میں جنگی طیاروں کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بناتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ القسام بریگیڈ نے اسرائیل میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی ہے، حماس کے حملوں میں اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی شہریوں کی تعداد 1254 تک پہنچ چکی ہے جن میں 14 امریکی بھی شامل ہیں جبکہ 2 ہزار 800 سے زائد زخمی ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔