ویب ڈیسک: پاکستانی کوہ پیما مراد سد پارہ جاں بحق ہوگئے، الپائن کلب کے نائب صدر ایاز شگری نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ اسکردو میں مراد سد پارہ 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی براڈ پیک کی مہم جوئی کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ جس کے بعد پاک فوج نے اسکردو سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما مراد سدپارہ کو بچانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا تھا۔
پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے مراد سدپارہ کو بچانے کے لیے فوج کی مدد طلب کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ براڈ چوٹی کے دوران ایک پرتگالی خاتون کوہ پیما کے لیے گائیڈ کے طور پر کام کررہے تھے اور اس دوران تقریباً 5,000 میٹر کی بلندی پر پھسل گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پرتگالی کوہ پیما نے اپنی چوٹی کے لیے مراد سدپارہ اور ایک نیپالی شیرپا کی خدمات حاصل کی تھیں۔ ٹیم سمٹ سے واپس آ رہی تھی جب مراد سدپارہ خراب موسم کے دوران کیمپ ایک کے قریب گر گئے۔ پاک فوج نے 4 ماہر کوہ پیماؤں کو بیس کیمپ پہنچا دیا۔
اس حوالے سے ایاز شگری نے بتایا کہ چاروں ریسکیور مراد سد پارہ کی باڈی کو بیس کیمپ لانے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کااظہار افسوس:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستانی کوہ پیمامراد سدپارہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا سوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے۔