ویب ڈیسک: میانوالی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہےکہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ ہے، اس دوران دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے، جس میں 12 سے 13 دہشت گردوں نے رات گئے قبول خان چیک پوسٹ میانوالی پر تین جانب سے حملہ کیا۔
دہشت گردوں کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی گئی، جس پر چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے بہترین حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔ ڈی پی او میانوالی موقع پر پہنچے، جس کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی پولیس چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ قیمتی جانیں قربان کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ پنجاب پولیس سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
وزیراعلیٰ کا میانوالی میں دہشتگردانہ حملہ ناکام بنانے پر پولیس جوانوں کو خراج تحسین
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانےوالے پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، پولیس نے جرات و بہادری کی ایک اور تاریخ رقم کی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان قوم کے ہیرو ہیں، پنجاب پولیس کے جری جوانوں نے دہشت گردوں کا جس بہادری سے مقابلہ کیا اس پر قوم کو فخر ہے، ڈی پی او میانوالی اور تمام پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب 12 سے 13 دہشتگردوں نے رات کے اندھیرے میں پولیس ناکے پر تین اطراف سے حملہ کیا، پولیس نے بہترین حکمت عملی سے حملہ ناکام بنا دیا، پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تمام دہشتگرد فرار ہوگئے تھے۔