ویب ڈیسک: عمرایوب نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنر سمیت باقی 4 کمشنرز سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت الیکشن کمیشن کے باقی 4 کمشنرز سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔
انہوں نے لکھا کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف متعصب تھا۔ الیکشن کمیشن اب بھی وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف متعصب ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کا ردعمل:
سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر کا رد عمل سامنے آ گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے میں حق سچ کی فتح ہوئی ہے۔ باطل کو شکست ہوئی۔ پی ٹی آئی کی نشستیں ہمیں واپس مل گئی ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ہماری 140 سیٹس ہوجائیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں فارم 45 والی نشستیں بھی واپس لیں گے۔ جعلی حکومت ہم مسلط ہے۔ کل ہمارا حقیقی اسمبلی کا اجلاس پوری شدومد کے ساتھ کریں گے۔ حق سچ کی فتح پر تحریک انصاف اور قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں
وزیرخوراک خیبرپختونخوا طاہر شاہ طورو کا ردعمل:
وزیرخوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے بیان دیا ہے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو اخلاقی طور پر فوری مستعفی ہونا چاہیے۔ آج مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ آنے پر الیکشن کمیشن کی جانبداری کا پول کھل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے سے جمہوریت کی فتح ہوئی۔ آج ثابت ہوا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارا حق دوسروں میں بانٹا تھا۔ پی ٹی آئی کے لئے آج بہت بڑا دن ہے۔ پی ٹی آئی ایک نظریہ ہے کوئی اس کو ختم نہیں کر سکتا۔ جلد ہمارے قائد بانی پی ٹی آئی بھی کارکنوں کے ہمراہ ہوں گے۔
سابق صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا ردعمل:
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 13 رکنی بینچ کے فیصلے پر رد عمل دیا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے۔ فیصلے سے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔ فارم 47 کی حکومت کے پاؤں اکھڑ جائیں گے۔ فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوگا۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ عمران خان اور دیگر قیدیوں کے حوالے سے بھی عدالتیں انصاف کے تقاضے پورے کریں گی۔ تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے سے انصاف کے تقاضے پورے ہوئے۔ فیصلے سے ثابت ہوا کہ تحریک انصاف کے ساتھ الیکشن کمیشن نے زیادتیاں کیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں۔ چیئرمین الیکشن کمیشن فوری مستعفی ہوں۔
سینیٹر فوزیہ ارشد کا ردعمل:
پی ٹی آئی کی سینیٹر فوزیہ ارشد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج عدلیہ نے آئین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے وقار کو بحال کیا۔ آج حق سچ کی فتح ہوئی آج عمران خان کی فتح ہوئی۔ آج کا فیصلہ جمہوریت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور حق سچ کے ساتھ کھڑا ہونے پر عدلیہ کا بے حد شکریہ۔ امید ہے عدلیہ بانی چیئرمین کے کیس کو بھی میرٹ پر سنے گی۔ آج کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو فی الفور مستعفی ہو جانا چاہئے۔اسمبلی کا حصہ بننے والی پی ٹی آئی کی تمام خواتین اور اقلیتی رہنماؤں کو خوش آمدید۔