چین ’سی پیک ٹو‘ کے تحت 5 نئے کوریڈور شروع کرنے کو تیارہے، احسن اقبال

چین ’سی پیک ٹو‘ کے تحت 5 نئے کوریڈور شروع کرنے کو تیارہے، احسن اقبال
کیپشن: China is ready to start 5 new corridors under CPEC-2, Ahsan Iqbal

ویب ڈیسک: پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے منگل کو کہا ہے کہ چینسی پیک ٹو‘ کے تحت پانچ نئے کوریڈور شروع کرنے کو تیار ہے۔ 60 ارب ڈالر سے زائد کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) پر پہلے سے کام جاری ہے۔

احسن اقبال نے منگل کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ’ہماری حکومت جو 16 ماہ کی تھی، اس میں بڑی محنت کر کے سی پیک پر چین کا اعتماد بحال کیا تھا، جس کی بڑی نشانی یکم اگست 2023 کو سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں چین کے نائب وزیراعظم کی شرکت تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ چین سی پیک فیز ٹو کے لیے پانچ نئے کوریڈور شروع کرنے کے لیے تیار ہے، جن میں کوریڈور آف گروتھ، کوریڈور آف جاب کری ایشن اینڈ لائیولی ہڈ، کوریڈور آف انوویشن، کوریڈور آف گرین انرجی اور کوریڈور آف انکلوسیو ریجنل ڈیولپمنٹ شامل ہیں۔‘

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت پورے عزم کے ساتھ چین کی اس پیش کش کو ’اسی طرح حقیقت میں ڈھالے گی، جس طرح 2018 اور 2013 کے درمیان اپنی گذشتہ حکومت میں سی پیک کے پہلے فیز میں تقریباً 25 ارب ڈالر کی پاکستان میں نہایت کلیدی سرمایہ کاری کو ممکن بنایا تھا۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت ہمارا پورا بجٹ قرضوں پر چل رہا ہے۔ ’وفاقی حکومت کے بجٹ میں محاصل میں کل سات ہزار ارب روپے ہیں اور قرضوں کی ادائیگی ہی کے لیے سات ہزار 500 ارب درکار ہوتے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بھی ہمیں اپنے وسائل سے ہٹ کر بھی قرضے لینے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ان اعدادوشمار کے ساتھ کوئی بھی معیشت پائیدار نہیں ہو سکتی، لہذا ہمارا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ان قرضوں کی ادائیگی کے لیے پیداواری صلاحیت میں کیسے اضافہ کریں۔‘

Watch Live Public News