ویب ڈیسک: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچ گئی، مہمان ٹیم 3 روز لاہور میں ٹریننگ کے بعد 17 اگست کو اسلام آباد جائے گی جہاں 21 اگست سے پاک بنگلا دیش ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے ڈھاکا سے لاہور پہنچ گئی، بنگلا دیش ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں نجی ہوٹل پہنچایا گیا، شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم آج ہوٹل میں آرام کرے گی۔
بنگلادیش کی ٹیم 14 اگست کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 3 دن تک ٹریننگ کے بعد 17 اگست کو بنگلادیش کی ٹیم اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی، مہمان ٹیم اپنے دورے کے دوران 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔
مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 21 اگست کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قدم رکھے گی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہو گا۔
بنگلا دیشی ٹیم نجم الحسن شانتو کی قیادت میں لاہور پہُںچی ٹیم میں محمود الحسن جوئے، ذاکر حسن، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن شامل ہیں، لٹن کمر داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نعیم حسن، ناہید رانا، شرف الاسلام، حسن محمود، تسکین احمد اور سید خالد احمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
بنگلادیش کی ٹیم میں عوامی لیگ کے رکن شکیب الحسن بھی شامل ہوں گے، شکیب الحسن شیخ حسینہ کی حکومت کے ساتھ بطور رکن پارلیمان کام کررہے تھے۔
بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت اور کابینہ میں شامل افراد کے خلاف سخت ردعمل پایا جاتا ہے۔
شکیب الحسن بنگلادیش میں ہونے والے فسادات کے دوران کینیڈا میں ٹی 20 لیگ میں مصروف تھے اور کینیڈا سے ہی پاکستان پہنچے گے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا تاہم ڈھاکا میں حالیہ صورتحال کی وجہ سے پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم پہلے بھیجنے کی دعوت دی تھی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی دعوت قبول کرتے ہوئے ٹیم پریکٹس کے لیے پہلے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔