دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے

دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جا رہا ہے
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف آج بدھ 13 جولائی کو اپنی قیمتی جانوں کی عظیم قربانیاں پیش کرنے والے دھرتی کے 22 بیٹوں کی یاد میں بڑے بڑے خصوصی اجتماعات منعقد ہوں گے اور کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ان شہدا کو 13 جولائی 1931 کو مقبوضہ سری نگر میں سینٹرل جیل کے سامنے شہید کر دیا گیا تھا۔ جموں کشمیر کے عوام بشمول آزاد جموں و کشمیر اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب رہنے والے کشمیری عوام نے 13 جولائی کو 92 واں یوم شہدائے کشمیر اس عہد کی تجدید کے ساتھ منانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں کہ اس عظیم مشن کو جاری رکھیں گے۔ کشمیری شہدا نے جدوجہد آزادی کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے پیدائشی حق خودارادیت کے حصول اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو ظالم بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے جدوجہد کی۔ آزاد جموں و کشمیر میں یوم شہدا کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر قبضہ وادی کشمیر اور باقی دنیا کے مختلف مقامات پر سمپوزیم اور میٹنگزمنعقد کئے جائیں گے، یوم شہدا کشمیر کی نمایاں قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے اس دن کو پوری عقیدت اور احترام کے ساتھ منائیں گے۔ مٹی کے بہادر بیٹے 1931 میں اس دن سنٹرل جیل سری نگر کے سامنے ایک کشمیری نوجوان عبدالقدیرکے خلاف جیل میں غداری کے مقدمے میں ٹرائل کے خلاف احتجاج کے لئے جیل کے باہر جمع تھےکہ ڈوگرہ فوج نے22 کشمیریوں کو گولیاں برساکر شہید کر دیا ۔ آزاد جموں کشمیر میں اس دن عام تعطیل ہوتی ہے تاکہ لوگ اس دن کی تقریبات میں بآسانی شرکت کر سکیں۔ اس سال بھی یوم شہدائے کشمیر ایک نئی امید کے ساتھ منایا جائے گا کہ بھارت جبر کے ساتھ کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا، بھارت کو زمینی حقائق سے اتفاق کرنا ہو گا کہ نئی دہلی طاقت کے زور پر کشمیریوں پر حکومت نہیں کر سکتا، پورے جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے جلد پرامن حل کے ذریعے ہی خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کریں گے اور کشمیری شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ یوم شہدا کشمیر کے حوالے سے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز بشمول میرپور، مظفرآباد، کوٹلی، باغ، راولاکوٹ، سدھنوتی، وادی نیلم، حویلی، ہٹیاں اور بھمبر سمیت دیگر تمام چھوٹے بڑے قصبوں اور شہروں میں خصوصی جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ مختلف سماجی، سیاسی اور مذہبی کشمیری تنظیموں کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول سول سوسائٹی ،تاجر ، وکلا تنظیموں کی طرف سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔