سابق رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین مرحوم کے بیٹے احمد عامر نے والد کے سوئم پر مغفرت کے لیے دعاؤں کی اپیل کر دی ہے۔ 12 جون بروز اتوار کو عامر لیاقت حسین مرحوم کا سوئم ہوا جس میں ان کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال ان کے بچوں دعائے عامر اور احمد عامر سمیت قریبی دوستوں اور اہل علاقہ نے بھی شرکت کی۔ بیٹے احمد عامر کی سوئم سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے کہ جس میں وہ اپنے والد کے لیے دعا کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'آپ سب کا یہاں آنےکا بہت بہت شکریہ، آپ سب ان کے لیے دعا کیجیے، اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اللہ آپ سب کو جزائے خیر دے'۔ خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال 9 جون کو ہوا جس کے بعد لندن میں مقیم ان کے بیٹے احمد عامر فوری طور پر پاکستان پہنچے تھے اور 10 جون کو عامر لیاقت کی نماز جنازہ بھی بیٹے احمد نے پڑھائی تھی۔