موبائل فون سے دوری، نوجوان خوش رہنے لگے

موبائل فون سے دوری، نوجوان خوش رہنے لگے
کیپشن: Away from mobile phones, young people are happy

ویب ڈیسک: ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں یہ سامنے آیا ہے کہ تقریباً تین چوتھائی امریکی نوجوانوں (ٹینز) کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے ساتھ موبائل فونز نہیں رکھتے تو وہ خوش یا پرسکون محسوس کرتے ہیں۔

یہ رپورٹ تھنک ٹینک 'پیو ریسرچ سینٹر' کی جانب سے کرائے گئے حالیہ سروے کے نتائج پر جاری کی گئی ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر نے شائع ہونے والے اپنے اس سروے میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ فون سے دور رہنے کے باعث مثبت وابستگیوں کے باوجود زیادہ تر نوجوانوں نے اپنے فون یا سوشل میڈیا کے استعمال کو محدود نہیں کیا۔

یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پالیسی ساز اور بچوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی نوجوانوں کے اپنے فونز اور سوشل میڈیا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ موسمِ خزاں میں کیلیفورنیا اور نیو یارک سمیت درجنوں امریکی ریاستوں نے انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک کمپنی میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریشن کے خلاف مقدمہ کیا ہے۔

اس مقدمے میں کہا گیا ہے کہ میٹا انکارپوریشن نے اپنے پلیٹ فارم پر ایسے فیچرز جان بوجھ کر شامل کیے ہیں جو بچوں کو عادی بتاتے ہیں اور اس سے انہیں نقصان اور ان کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

جنوری میں میٹا، ٹک ٹاک، ایکس اور دیگر سوشل میڈیا کمپنیز کے سی ای او سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور نوجوانوں سے متعلق اپنے پلیٹ فارمز کے نقصانات کے بارے میں بیان دیا تھا۔

ان بڑھتے ہوئے خدشات کے باوجود سروے میں 69 فی صد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز ان کی عمر کے لوگوں کے لیے مشاغل اور دلچسپیوں کو جاری رکھنے کو تھوڑا یا بہت آسان بنا دیتے ہیں جب کہ 65 فیصد کے خیال میں اسمارٹ فونز انہیں تخلیقی بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

اسی طرح 45 فیصد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز سے انہیں اسکول میں اچھی کارکردگی میں مدد ملتی ہے۔

زیادہ تر نوجوانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز رکھنے کے فوائد ان کی عمر کے لوگوں کو پہنچنے والے نقصانات سے کہیں زیادہ ہیں۔

پیو کے مطابق تقریباً تمام امریکی نوجوانوں (95 فی صد) کو اسمارٹ فون تک رسائی حاصل ہے۔

سروے کے دیگر نتائج کے مطابق تقریباً نصف (47 فی صد) والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے فون کے استعمال کے وقت کو محدود کرتے ہیں جب کہ 48 فی صد کا کہنا ہے کہ وہ ایسا نہیں کرتے۔

سروے کے مطابق 13 سے 14 سال کے نوجوانوں کے تقریباً دو تہائی (64 فی صد) والدین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے اسمارٹ فونز کا جائزہ لیتے ہیں جب کہ 15 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے 41 فی صد والدین ایسا کرتے ہیں۔

بیالیس فی صد نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز اچھی سوشل اسکلز کو سیکھنے کو مشکل بنا دیتے ہیں جب کہ 30 فی صد کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فونز ان اسکلز کو سیکھنے کو آسان بناتے ہیں۔