ویب ڈیسک:آئی جی پنجاب کی زیر صدارت عدالتوں کی سکیورٹی بارے اعلی سطح کا اجلاس، ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر کی عدالتوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ججز کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں، عدالتیں بہرصورت کھلیں گی، پرامن ماحول میں انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے۔
تفصیلا ت کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت عدالتوں کی سکیورٹی بارے اعلی سطح کا اجلاس ہوا،صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز ، ڈی پی اوز، سینئر پولیس افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر کی عدالتوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بے جا احتجاج کی آڑ میں عدالتوں کی آئے روز تالہ بندی ہرگز قابل قبول نہیں، عدلیہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ججز کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں، عدالتیں بہرصورت کھلیں گی، پرامن ماحول میں انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے،آر پی اوز، ڈی پی اوز متعلقہ افسران سکیورٹی آڈٹ کرکے عدالتوں کا سکیورٹی پلان ازسر نو مرتب کریں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز کورٹ انتظامیہ سے کلوز کوارڈینیشن رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات کریں،عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، چیکنگ یقینی بنائیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے عدالتوں کے داخلی راستوں اور اطراف کی مسلسل مانیٹرنگ کریں،کسی بھی شخص کو عدالتی احاطہ میں اسلحہ لانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سکیورٹی لاہور، ایس ایس پی آپریشنز لاہور، اے آئی جی آپریشنز پنجاب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔