یواے ای نے 1 ارب ڈالر فراہمی کی آئی ایم ایف کو تصدیق کر دی ، وزیرخزانہ کا ٹویٹ

یواے ای نے 1 ارب ڈالر فراہمی کی آئی ایم ایف کو تصدیق کر دی ، وزیرخزانہ کا ٹویٹ
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف کو 1 ارب ڈالر امداد کی تصدیق کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 1 ارب ڈالر مالی امداد کی تصدیق کر دی گئی ہے ، اس سے متعلق یو اے ای حکام نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطے میں ہے، ایک ارب ڈالر جمع کرانے کیلئے دستاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے پاکستان کیساتھ جلد سٹاف لیول معاہدے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ روز ایک اوراہم ورچوئل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی قیادت وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کی جبکہ وزارت خزانہ، اقتصادی امورکے سیکرٹریز اور گورنر سٹیٹ بینک واشنگٹن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔ دورانِ اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈپٹی ایم ڈی آئی ایم ایف اینٹونیٹ منیسہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اوراصلاحات پر تبادلہ خیال کیا ہے اور پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے پیشگی اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ آئی ایم ایف کی ڈپٹی ایم ڈی نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط کا یقین بھی ظاہر کیا ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔